اوپن یونیورسٹی میں تجوید القرآن کلاسز کی تقسیمِ اسناد کی تقریب کا انعقاد

بدھ 19 مارچ 2025 18:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں تجوید القرآن کی کلاسز کا اہتمام کیا جس میں 54 ملازمین (22 خواتین، 32 مرد )نے شرکت کی۔ ان کلاسز کا انعقاد شعبہ قرآن و تفسیر، کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام کیا گیاتھا۔گزشتہ روز ان کلاسز کے کامیاب انعقاد پر تقسیمِ اسناد کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں شعبہ سیرت سٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر شاہ معین الدین ہاشمی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ تقریب کی صدارت کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کی۔

میزبانی کے فرائض شعبہ قرآن و تفسیر کے چیئرمین ڈاکٹر ثناء اللہ حسین نے انجام دیئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے رمضان المبارک اور قرآن مجید کے گہرے تعلق پر روشنی ڈالی اور کہا کہ روزے کے ساتھ ساتھ تلاوتِ قرآن سے روحانی فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے قرآن سیکھنے اور سکھانے کے عمل کو بہترین عمل قرار دیتے ہوئے شعبہ قرآن و تفسیر کی کاوشوں کو سراہا اور تجوید القرآن کلاسز کے تسلسل کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک قرآن کا مہینہ ہے اور اس مقدس مہینے میں نبی کریمؐ دورہ قرآن کا خصوصی اہتمام کرتے تھے۔شعبہ سیرت سٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر شاہ معین الدین ہاشمی نے اپنی تقریر میں مساجد میں خواتین کی نماز باجماعت ادائیگی کی فضیلت بیان کی اور یونیورسٹی میں خدمات انجام دینے والی خواتین سے درخواست کی کہ وہ ظہر اور عصر کی باجماعت نماز میں شرکت یقینی بنائیں تاکہ یونیورسٹی کی مساجد آباد رہیں۔

شعبہ قرآن و تفسیر کے چیئرمین ڈاکٹر ثناء اللہ حسین نے شرکاء کو تجوید کے ساتھ قرآن کی درست تلاوت سکھانے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ان کلاسز میں اساتذہ نے قرآن مجید کی تلاوت، لہجے کی درستی اور مخارج کی اصلاح پر خصوصی توجہ دی۔ جدید اور آسان اسباق کے ذریعے شرکاء کو بنیادی دینی احکام سیکھنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ تربیتی شرکاء نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے تجوید القرآن کلاسز کو روشنی اور ہدایت کا ذریعہ قرار دیا اور درخواست کی کہ اس سلسلے کو رمضان المبارک تک محدود رکھنے کے بجائے پورے سال جاری رکھا جائے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ ان کلاسز کی بدولت وہ غلطیاں جو وہ پہلے نماز میں کرتے آرہے تھے، درست ہوگئی ہیں، اور یہ کلاسز ان کی زندگیوں میں راہنمائی کا باعث بنیں گی۔