پاک میڈیکل سینٹر جیسی بے مثال فلاحی خدمت سیالکوٹ میں اس وسیع پیمانے پر کوئی اور ادارہ نہیں کر رہا، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اکرام الحق

بدھ 19 مارچ 2025 22:12

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اکرام الحق نے کہا ہے کہ پاک میڈیکل سینٹر (پی ایم سی)میرا بھروسہ ہے اور اس ادارے جیسی بے مثال فلاحی خدمت سیالکوٹ میں اس وسیع پیمانے پر کوئی اور ادارہ نہیں کر رہا، جس انداز میں پیشہ ورانہ طور پر بھرپور ذمہ داری ، درد دل اور پورے احساس کے ساتھ یہاں آنے والے مریضوں کو روزانہ کی بنیاد پر خدمات فراہم کرتے ہیں اور انکو علاج معالجے سمیت لیبارٹری ٹیسٹ کی بہترین سہولیات فراہم کرتے ہیں اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے اورداد دی جائے کم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میرا خاندان گزشتہ 18 سال سے اس ادارے پی ایم سی کے ساتھ منسلک ہیں اور ہم اپنے عطیات بھی اس ادارے ہی کو دیتے رہے ہیں ، اس کے علاوہ جب بھی ہم نے کسی مستحق مریض کے علاج معالجے کے لیے اس ادارے سے رجوع کیا ہے تو انہوں نے پوری ذمہ داری کے ساتھ نہ صرف اس مریض کو اپنے گلے سے لگایا ہےبلکہ اس کے علاج معالجے کے لیے مناسب حل پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ سمیت دیگر علاقوں کے عوام کو بھی چاہیئے کہ وہ اس فلاحی ادارے پاک میڈیکل سینٹر (پی ایم سی) کے ساتھ رجوع کریں تاکہ مستحق لوگوں کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کا کہنا تھا کہ صاحب حیثیت لوگ اپنی زکوۃ، صدقات، خیرات اور مستحقین کے علاج معالجے کے بلز ادا کرتے ہیں جنہیں اس ادارے کو اس نیت کے ساتھ سپورٹ کرنا چاہیئے کہ یہاں سے انہیں اچھی سروسز بھی مل رہی ہیں اور وہ نیکی کے کام میں بھی بڑھ چڑھ کر شریک ہو رہے ہیں۔