ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر)سعد بن اسد کی زیر صدارت لیڈیز پردہ کلب کے حوالے سے اجلاس

بدھ 19 مارچ 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر)سعد بن اسد کی زیر صدارت لیڈیز پردہ کلب کے حوالے سے اجلاس ہوا ، اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں لیڈیز پردا کلب کی لیز میں توسیع کے حوالے سے تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔ اجلاس میں دیگر متعلقہ افسران اور کلب کی انتظامیہ نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران لیڈیز پردہ کلب کے کردار، خواتین کی فلاح و بہبود میں اس کے مثبت اثرات اور اس کی افادیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کلب کی موجودہ کارکردگی، سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کلب کی لیز میں توسیع سے خواتین کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈیز پردہ کلب خواتین کے لیے ایک اہم تفریحی اور تعلیمی پلیٹ فارم ہے، جو انہیں صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے ساتھ ساتھ معاشرتی ترقی میں بھی معاونت فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کلب کی لیز میں توسیع کے لیے تمام قانونی اور تکنیکی پہلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جائیں تاکہ یہ ادارہ خواتین کی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کر سکے۔وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ درانی نے کہا کہ لیڈیز پردہ کلب نہ صرف خواتین کے لیے ایک محفوظ اور تعمیری ماحول فراہم کر رہا ہے بلکہ اس کے ذریعے انہیں مختلف تعلیمی، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔

انہوں نے حکومت بلوچستان کی جانب سے خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، اور لیڈیز پردہ کلب کی لیز میں توسیع اس سلسلے میں ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :