صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا مکمل ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ

بدھ 19 مارچ 2025 21:50

صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم افغان طلبہ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا مکمل ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں تمام سکولوں، کالجوں اور جامعات کو ایک ہفتے کے اندر اندر طلبہ کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں میں بڑی تعداد میں افغان طلبہ زیر تعلیم ہیں، تاہم حکومت کے پاس ان کا مکمل ریکارڈ موجود نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اسی لیے تعلیمی اداروں کو باقاعدہ فارم جاری کیے گئے ہیں جن میں طلبہ کی بنیادی معلومات درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ ان دستاویزات کے مطابق فارم میں ضلع، سکول کا نام، تعلیمی سطح اور دیگر اہم تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ اس کے علاوہ طلبہ و طالبات کی اضافی معلومات بھی فارم کا حصہ ہوں گی۔ حکومت افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے تناظر میں تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا ریکارڈ مرتب کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی پالیسی سازی کے لیے درست ڈیٹا دستیاب ہو۔انتظامیہ نے تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ مدت میں ڈیٹا فراہم کرنے کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔