تمام صوبوں کے عوام مریم نواز کی کارکردگی کی گواہی دے رہے ہیں، عظمیٰ بخاری

جمعرات 20 مارچ 2025 22:56

تمام صوبوں کے عوام مریم نواز کی کارکردگی کی گواہی دے رہے ہیں، عظمیٰ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تمام صوبوں کے عوام وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کی گواہی دے رہے ہیں۔کچھ سیاسی بونوں اور سیاسی یتیموں کو سمجھ نہیں آتی وہ صرف تنقید اور مخالفت کو اپنا حق سمجھتے ہیں ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سروے رپورٹ میں 70 فیصد لوگ وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی سے متاثر ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کسانوں کو سہولیات دے رہی ہیں، اس وقت 54 ارب روپے کے قرضے چھوٹے کسانوں کو دیئے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے کسان کارڈ پر اب تک 54 ارب روپے کی خریداری ہو گئی ہے، پنجاب حکومت اب تک 10 ہزار گرین ٹریکٹرز دے چکی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز اب تک 30 ہزار بچوں کو سکالر شپس دے چکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز تمام بڑی بیماریوں کی ادویات مریضوں کے گھروں تک پہنچاتی ہیں، ڈائیلسز پروگرام کے تحت 10 لاکھ تک کا کارڈ لوگوں کو مل رہا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز 10ماہ میں ایئرایمبولینس سروس لائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ لائیوسٹاک کارڈ کی سہولت لائیں، جو مویشی یہاں پالے جائیں گے ان کو باہر بھیج کر زرمبادلہ کمایا جائے گا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام جیسا فلیگ شپ منصوبہ شروع کیا، اس منصوبے میں ہزاروں گھر بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعلیٰ مریم نواز کے سارے منصوبوں سے بزدار کو جوڑا جا رہا ہے، عثمان بزدار اتنے قابل ہوتے تو اپنا تعارف خود ہی کرا لیتے، روڈا کا منصوبہ پی ٹی آئی حکومت نے تباہ وبرباد کیا، روڈا منصوبے پر تمام صحافیوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں کینسر کے مریضوں تک کی ادویات بند کر دی گئی تھیں، انہوں نے یہ بھی جھوٹ بولا کہ ایئرایمبولینس لانی ہے، یہ کہتے تھے الیکٹرک بسیں لائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ سیاسی بونوں اور سیاسی یتیموں کو سمجھ نہیں آتی، پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو نمبر بنانے کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا پڑتا ہے، یہ اپنے لوگوں کا خود سامنا نہیں کر سکتے، موصوف نے جھوٹ پر سارا وائٹ پیپر چھاپ دیا، اپوزیشن لیڈر کو مفید مشورہ ہے جس نے ا?پ کو یہ چیزیں بھیجیں اس کو بلاک کر دیں۔