پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ کے زیر اہتمام کیرئیر کونسلنگ پر سیمینار

جمعہ 21 مارچ 2025 14:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام کیمیکل انجینئرنگ، انرجی/ماحولیاتی انجینئرنگ اور انڈسٹریل انجینئرنگ کے طلبا کے لیے پروسیس/آپریشنز سیفٹی اینڈ مینجمنٹ میں مواقع کے لیے کیریئر کونسلنگ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر سید نادر حسین، انجینئر ارسلان باری ارسلان، سیمینارکو آرڈینیٹرڈاکٹر ایاز محمد، فیکلٹی ممبران اور طلبا نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر سید نادر حسین نے مہمان مقرر کو خوش آمدید کیا اور طلبا کے ساتھ اپنے تکنیکی اور پیشہ ورانہ تجربات روشناس کرانے پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انجینئر ارسلان باری نے طلبا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سماجی اور صنعتی زندگی میں حفاظت کے مختلف پہلووں کی اہمیت اور پراسیس سیفٹی اور مینجمنٹ کے بارے میں سیکھنے میں مسلسل دلچسپی کے ذریعے مہارتوں کو فروغ دینے کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے طلبا کو خلیج، چین اور دیگر خطوں کی مختلف کمپنیوں میں مشترکہ مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ڈاکٹر ایاز محمد نے مختلف صنعتوں خاص طور پر تیل اور گیس کے شعبے میں پراسیس سیفٹی کے شعبے میں اپنے پیشہ ورانہ/تکنیکی تجربے اور عالمی اداروں اور خاص طور پر خلیج میں ملازمتوں کے حصول کے بڑے مواقع فراہم کرنے پر مقرر کی کوششوں کو سراہا۔