پنجاب کی یونیورسٹیوں، کالجز میں 5 لاکھ سے زائد کی شجرکاری کی گئی‘ رانا سکندر حیات

یوایم ٹی کا شمار سرسبز ترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے،ایک طالبعلم ایک پودا مہم ماحولیاتی تحفظ کیلئے موثر مہم ہے‘ وزیر تعلیم

جمعہ 21 مارچ 2025 17:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ اس موقع پر ریکٹر یوایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، ڈی جی یو ایم ٹی احمد عبداللہ سمیت سٹاف اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سموگ کے مقابلے کیلئے وسیع پیمانے پر شجرکاری اہمیت اختیار کر چکی ہے۔

سموگ کے تدارک کیلئے ابھی سے موثر تیاری کرنے کی ضرورت یے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں مجموعی طور پر 5لاکھ پودے لگائے گئے ہیں جبکہ تمام سکولوں میں بھی بڑی تعداد میں شجرکاری کی گئی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ محکمہ کو لگائے گئے پودوں کی میپنگ کرنے کی ہدایات کی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے کہا کہ یو ایم ٹی میں آج 5ہزار اور اگلے 3دنوں میں مجموعی طور پر 25ہزار کی شجرکاری ہوگی جو کہ صدر یو ایم ٹی ابراہیم مراد کے متحرک وژن کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یو ایم ٹی کی ’’ایک طالبعلم ایک پودا‘‘مہم ماحولیاتی تحفظ کیلئے موثر قدم ہے۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ زیادہ شجرکاری سے پاکستان کو کاربن کریڈٹ والا ملک بنائیں گے۔ صوبے میں الیکٹرک بسوں، ای بائیکس اور سکوٹیز کے ذریعے سموگ کے تدارک پر کام کر رہے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب سنجیدہ اقدامات کی بدولت پاکستان کاربن کریڈٹ والے ممالک میں شمار ہوگا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے یو ایم ٹی کا شمار سرسبز ترین یونیورسٹیوں میں ہونا حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ شجرکاری کے حوالے سے ہر فرد کو ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔