حسن نواز کم ترین اننگز میں اپنی پہلی ٹی ٹونٹی سنچری سکور کرنے والے پاکستانی بیٹر بن گئے

اوپنر نے 44 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابلِ شکست دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 مارچ 2025 10:58

حسن نواز کم ترین اننگز میں اپنی پہلی ٹی ٹونٹی سنچری سکور کرنے والے پاکستانی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مارچ 2025ء ) قومی ٹیم کے اوپنر حسن نواز کم ترین اننگز میں اپنی پہلی ٹی ٹونٹی سنچری سکور کرنے والے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ 
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔ 
 آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستانی بولرز کی لاکھ کوششوں کے باوجود کیوی ٹیم نے 204 رنز اسکور کیے اور 19.5 اوورز میں پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، شاہین آفریدی، ابرار احمد، عباس آفریدی نے 2،2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
جواب میں پاکستانی ٹاپ آرڈر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اوپنر محمد حارث 41 بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ حسن نواز نے 44 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی اور کپتان سلمان علی آغا نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 31 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

 
حسن نواز نے محض تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں اس فارمیٹ میں اپنی پہلی سنچری سکور کی ، اس سے قبل کم ترین اننگز میں اپنی پہلی سنچری سکور کرنے کا ملکی ریکارڈ محمد رضوان کے پاس تھا جنہوں نے 2021ء میں اپنی 19ویں اننگز میں پہلی ٹی ٹونٹی سنچری بنائی تھی، احمد شہزاد 25ویں اننگز میں پہلی ٹی ٹونٹی سنچری بنا کر اس فہرست میں تیسرے جب کہ بابر اعظم 48ویں اننگز میں پہلی ٹی ٹونٹی سکور کرکے اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے اوپنر حسن نواز نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کے لیے تیز ترین سنچری سکور کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔ 
حسن نواز سے قبل پاکستان کے لیے تیز ترین ٹی ٹونٹی سنچری سکور کرنے کا ریکارڈ سابق کپتان بابر اعظم کے پاس تھا جنہوں نے 2021ء میں جنوبی افریقہ کیخلاف 49 گیندوں پر سنچری سکور کی تھی۔ احمد شہزاد نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2014ء میں بنگلہ دیش کیخلاف ڈھاکا میں 58 گیندوں پر سنچری سکور کی تھی، بابر اعظم 2023ء میں لاہور میں نیوزی لینڈ کیخلاف 58 گیندوں پر سنچری بنا کر اس فہرست میں چوتھے اور 2022ء میں انگلینڈ کیخلاف 62 گیندوں پر سنچری سکور کرکے 5ویں نمبر پر بھی موجود ہیں۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 2021ء میں جنوبی افریقہ کیخلاف 63 گیندوں پر سنچری مار کر اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں ۔