مقاصد پاکستان کی تکمیل کیلئے قیام پاکستان والا جذبہ اور دینی اتحاد ضروری ہے، متحدہ علماء محاذ

ہفتہ 22 مارچ 2025 17:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2025ء)متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی میزبانی میں مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی کی زیر صدارت تکمیل مقاصد پاکستان سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ و مہمانان خصوصی حجة الاسلام علامہ مرزا یوسف حسین ،شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود،علامہ ڈاکٹر سید شمیل احمدقادری حنبلی،مولانا منظرالحق تھانوی و دیگرنے کہا ہے کہ مقاصد پاکستان کی تکمیل کیلئے قیام پاکستان والا جذبہ اور دینی اتحاد ضروری ہے،اغیار کی غلامی کے باعث حکمران مقاصد پاکستان کی تکمیل آج تک نہیں کرسکے قرارداد پاکستان اور قرارداد مقاصد کی روشنی میں نظام ریاست تشکیل دیاجائے۔

لاکھوں قربانیاں دے کر کلمے کی بنیاد پر بننے والے واحد اسلامی نظریاتی ملک پاکستان کو دہشت گردی کا شکارنہیں ہونے دیں گے،دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیںوہ اسلام و ملک کے باغی ہیں۔

(جاری ہے)

قرارداد مقاصد پاکستان میں قائداعظم محمد علی جناح نے واضح طور پر کہا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کریںگے۔ ایٹمی اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت و افواج پاکستان قبلہ اول بیت المقدس پر اسرائیلی ناجائز تسلط اور لاکھوں فلسطینیوں کی شہادتوں اور تاحال مسلسل وحشیانہ بمباری کے خلاف قائدانہ کردار اداکرے۔

اس موقع پر ہمیں اکابر قائدین پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ،لیاقت علی خان،علامہ محمد اقبال،علامہ شبیر احمد عثمانی، مولوی فضل الحق ،مولانا ظفر احمدعثمانی، علامہ سید سلیمان ندوی جیسی شخصیات کے افکار و کردار کی روشنی میں مقاصد پاکستان کی تکمیل و حصول کیلئے مؤثر جدوجہد کرناچاہئے۔پاکستان کی امن و سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیںگے افواج پاکستان کے خلاف کسی سازش کو برداشت نہیں کریں گے۔ سیمینار سے علامہ مفتی عبدالغفور اشرفی،علامہ عبدالماجد فاروقی،مفتی وجیہہ الدین ودیگرنے خطاب کیا۔