سیکولرازم کے لبادے میںہندو متعصب و دہشت گردانہ ذہنیت نے مسلمانان برصغیرکو جُداگانہ وطن کے حصول کی ارفع سوچ دی، چودھری لطیف اکبر

افواج پاکستان دفاع وطن کے لئے ہمہ وقت کمر بستہ ،جوہری صلاحیت کے پیش نظراللہ کے فضل کرم سے کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، بیان

ہفتہ 22 مارچ 2025 18:16

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2025ء)سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبر نی23مارچ یوم پاکستان کے حوالہ سے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ سیکولرازم کے لبادے میںہندو متعصب و دہشت گردانہ ذہنیت نے مسلمانان برصغیرکو جُداگانہ وطن کے حصول کی ارفع سوچ دی،اس سوچ کو پروان چڑھانے کے لیئے 23مارچ 1940ء کی قراردادپاکستان یا قرارداد لاہور جوکہ بانیء پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں منظور ہوئی ۔

اس قرارداد کی رُوح ہی مسلمانوں کے جُداگانہ وجود کو تسلیم کروانا تھی اور قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت نے مسلمانان برصغیر کے جُداگانہ وجود کو تسلیم کروا کر ہی دم لیا اور سات سال کے قلیل عرصہ میں عظیم و لازوال قُربانیوں کے طفیل دُنیائے عالم کے نقشے پر اسلامی جمہوریہ پاکستان اُبھرا۔

(جاری ہے)

23مارچ کا تاریخ ساز دن یہ ثابت کرتاہے کہ اگر قیادت مخلص ہو تو کوئی وجہ نہیں کہ مشکل سے مشکل مقاصد کی تکمیل نہ ہو ۔

اُنہوں نے کہا کہ اب ہم پر لازم ہے کہ ہمارا کوئی بھی عمل ایسا نہ ہو کہ جس سے مُلکی وقار کو ٹھیس پہنچے یا ملکی کمزوری کا باعث بنے کیونکہ ذاتی و گروہی مفادات کو مُلکی مفادات پر قُربان کرنا ہی ملکی استحکام کا ضامن ہے۔بانیء پاکستان پیپلز پارٹی و بانی ء ایٹم بم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مُلکی دفاعی استحکام کی اہمیت کی خاطر1965ء میں وزیر خارجہ کی حیثیت سے اپنے بیان میں کہا کہ ہم گھاس کھا لیں گے مگر ایٹم بم ضرور بنائیں گے ۔

وقت گزرنے کے ساتھ اُنہوں نے پاکستان کو جوہری صلاحیت سے ہمکنار کرنے کے لیئے جامع پروگرام دیا اور آج ہماری جوہری صلاحیت کے پیش نظراللہ تعالیٰ کے فضل کرم سے کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان دفاع وطن کے لیئے ہمہ وقت کمر بستہ ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مُلکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔اس وقت پاک افواج ملکی اور بیرون ملکی دہشت گردی سے نبرد آزما ہیں اور انشاء اللہ جلد پاک افواج دہشت گردی کے ناسور کو بھیانک انجام تک پہنچاتے ہوئے وطن عزیز کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائیں گے۔