23 مارچ مسلمانان برصغیر کیلئے تاریخی اور یادگار دن ہے،مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ

ہفتہ 22 مارچ 2025 19:53

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ 23 مارچ مسلمانان برصغیر کیلئے تاریخی اور یادگار دن ہے۔ قرارداد پاکستان کی اصل روح پر یقین رکھتے ہوئے اسے عملی طور پر مستحکم کرنے کے لیے محنت کرنی ہوگی تاکہ پاکستان مزید مضبوط اور خوشحال بنے، ایک مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کی ضمانت ہے۔

یوم پاکستان کے حوالہ سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ یوم پاکستان اس عزم کی تجدید ہے کہ ہم کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، بلکہ ان کی ہر سطح پر سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ ہماری جدوجہد کا اصل مفہوم ریاست جموں و کشمیر کے مکمل الحاقِ پاکستان میں ہے تاکہ 23 مارچ 1940 کی قرارداد پاکستان کی حقیقی تکمیل ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام الحاق پاکستان کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنی فکری اور عملی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی آج بھی بھارتی ظلم و جبر کے خلاف صف آرا ہیں، ہم اس موقع پر ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنا حق خود ارادیت ملنے تک جدوجہد جاری رکھیں گے اس جدوجہد میں پاکستان کی عوام کی اور حکومت ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔