26نومبر کے پرتشدد احتجاج،اعظم سواتی،سلمان اکرم راجہ کی حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور

ہفتہ 22 مارچ 2025 22:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2025ء) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے 26 نومبر کے پرتشدد احتجاج کے مقدمات میں نامزد تحریک انصاف کے رہنماؤں اعظم سواتی اور سلیمان اکرم راجہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 8 اپریل تک ملتوی کردی ہے جبکہ صنم جاوید، مشال یوسفزئی اور احد شاہ کی درخواست ضمانت کی سماعت بھی ملتوی کردی ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر اعظم سواتی کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا جبکہ پولیس نے سلمان اکرم راجہ سے متعلق تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی عدالت نے سلمان اکرم راجہ اور اعظم سواتی کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت 8 اپریل تک ملتوی کردی مذکورہ دونوں ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر تھانہ صدر حسن ابدال میں مقدمات درج ہیں ادھر صنم جاوید اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں اس موقع پر ملزمہ کے وکیل نے درخواست ضمانت پر دلائل کیلئے 8 اپریل تک مزید مہلت مانگ لی ملزمہ کے وکیل کا موقف تھا کہ 8 اپریل کو دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کی تاریخ ہے لہٰذا وہ دلائل اکٹھے دینا چاہتے ہیں اس موقع پر پراسیکیوشن کے وکیل ظہیر شاہ نے ملزمہ کے وکیل کی جانب سے دلائل کیلئے مزید وقت مانگنے کی استدعا پر اعتراض کیا کہ ملزمہ کے وکیل نے گزشتہ سماعت پر 22 اپریل تک وقت مانگا تھا حالانکہ پراسیکیوشن اپنے دلائل دے چکی ہے لہٰذا ملزمہ کے وکیل کو دلائل کیلئے مزید وقت نہ دیا جائے عدالت نے پراسیکیوشن کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے وکیل صفائی سے آج ہی دلائل طلب کرلئے جبکہ عدالت نے صنم جاوید کو حاضری کے بعد جانے کی اجازت دے دی صنم جاوید مشال یوسفزئی اور احد شاہ کے خلاف بھی 26 نومبر کے احتجاج پر تھانہ صدر حسن ابدال میں مقدمات درج ہیں دریں اثنا 26 نومبر کے پرتشدد احتجاج کے مقدمات میں گرفتار تحریک انصاف کے 140 دیگر کارکنان کو بھی عدالتی احکامات کے تحت عدالت پیش کیا گیا ان کارکنان کو اٹک جیل سے سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا گیا جنہیں وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کوہسار اور تھانہ ترنول اسلام آباد کی پولیس کے حوالے کیا گیا تھانہ ترنول پولیس نے 59 جبکہ تھانہ کوہسار پولیس نے 81 ملزمان کو شامل تفتیش کر رکھا ہے ملزمان کی حوالگی کے لئے ایس پی خانزیب اور ایس پی قیوم کی سربراہی میں اسلام آباد پولیس کی ٹیمیں بھی عدالت میں موجود تھیں مذکورہ کارکنان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔