وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی لکی مروت میں دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے پر کے پی پولیس کی ستائش

ہفتہ 22 مارچ 2025 22:49

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  کی   لکی مروت میں دہشت گرد حملے کو ناکام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں پولیس سٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے کو کامیابی سے ناکام بنانے پر خیبرپختونخوا (کے پی کے) پولیس کی بہادری اور تیز رفتار کارروائی کو سراہا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں محسن نقوی نے حملہ آوروں کا مقابلہ کرنے اور نقصان سے بچانے پر بہادر افسروں کی تعریف ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر اہلکاروں نے بہادری سے خوارج دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور ان کے حملے کو پسپا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے افسران کی بہادرانہ کوششوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جن کے فوری جواب نے حملہ آوروں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔وزیر داخلہ نے قوم کے تحفظ کے لیے پولیس فورس کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے پولیس کی دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر کھڑے ہونے کی قابل فخر تاریخ ہے۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے مزید کہا کہ مجھے خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران پر بے حد فخر ہے، جنہوں نے دہشت گردی کے حملوں کو پسپا کرنے میں بار بار غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا ہے ۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پولیس افسران کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے وفاقی حکومت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیر نے خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا جنہوں نے حالیہ برسوں میں انتہاپسندوں کے تشدد کا سامنا کیا ہے۔ لکی مروت میں حملے کی کوشش خطے میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات کی ایک تازہ ترین کارروائی ہے تاہم دہشتگردی کے مذموم حملے کو روکنے میں پولیس کی فوری کارروائی امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ان کی تیاری اور لگن کا ثبوت ہے۔واقعے میں کسی جانی نقصان کے بارے میں تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔ سیکورٹی فورسز نے ناکام حملے میں ملوث باغی عناصر کا سراغ لگانے کے لیےجامع تفتیش شروع کر دی ہے۔محفوظ پاکستان کے لئے ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قوم اپنی سیکورٹی فورسز کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔