ارچ 1940 کو منظور کی گئی قرارداد پاکستان ہماری تاریخ کا رخ موڑنے والا لمحہ تھا،چوہدری مقبول گجر

لاہور کے اجتماع میں کشمیری قیادت کی شرکت نے پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان لازوال رشتے کی بنیاد رکھی

اتوار 23 مارچ 2025 13:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل چوہدری مقبول گجر نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں 23 مارچ 1940 کو منظور کی گئی قرارداد پاکستان ہماری تاریخ کا رخ موڑنے والا لمحہ تھا۔مخالفت کے باوجود ہمارے قائدین نے آزاد پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔

یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، جب انہوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ مملکت کے قیام کی بنیاد رکھی، اور اس تاریخی جدوجہد میں کشمیری قیادت بھی پیش پیش رہی۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور کے اجتماع میں کشمیری قیادت کی شرکت نے پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان لازوال رشتے کی بنیاد رکھی۔

(جاری ہے)

قرارداد پاکستان ہمیں اجتماعیت اور یکجہتی کا درس دیتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری آزادی کی جدوجہد دراصل تحریکِ تکمیلِ پاکستان ہے، جسے کشمیری عوام نے اپنے خون سے زندہ رکھا ہوا ہے۔ کشمیری ''بائی چوائس'' پاکستانی ہیں اور پاکستان کو اپنی امیدوں اور آرزوؤں کا مرکز سمجھتے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں نے نہ صرف قیام پاکستان کی تحریک میں مسلمانانِ ہند کے ساتھ بھرپور کردار ادا کیا بلکہ 14 اگست 1947 سے پہلے ہی پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعلان کر دیا تھا۔

دنیا میں پاکستان سے زیادہ کشمیریوں کا کوئی ہمدرد نہیں۔ انشاء اللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور پاکستان کی تکمیل، الحاقِ کشمیر کے ذریعے مکمل ہو گی۔ قیام پاکستان نے جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد کو ایک نئی تحریک اور نیا ولولہ دیا۔ پاکستان اور کشمیر نظریاتی، جغرافیائی، تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، جنہیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔