پاکستان ایئر فورس کے چاک و چوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

اتوار 23 مارچ 2025 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2025ء) پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے تمام بیسز اور تنصیبات پر 23 مارچ اتوار کو یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔پی اے ایف کے ترجمان کے مطابق دن بھر جاری رہنے والی تقریبات کا آغاز فجر کے بعد پاکستان اور عالم اسلام کی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

(جاری ہے)

اس بابرکت دن کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے عظیم شاعر اور فلسفی ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے ستلج رینجرز سے گارڈ کے فرائض سنبھالے۔ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی، ایئر آفیسر کمانڈنگ، پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی، کورنگی نے پاک فضائیہ کے سربراہ، پاک فضائیہ کے افسران، ایئر مین اور سویلینز کی جانب سے علامہ اقبال کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔