وزارت قانون موجودہ دور سے مطابقت نہ رکھنے والے پرانے قوانین کو تبدیل کرے ‘ پنجاب بار کونسل

جعلی وکلاء کا راستہ روکنے کیلئے موثر ڈیجیٹل نظام لایا جارہا ہے ،لائسنس کا جعلی ڈپلیکیٹ بنانا نا ممکن ہوگا‘ وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ

اتوار 23 مارچ 2025 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2025ء) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ نے کہا ہے کہ جعلی وکلاء کا راستہ روکنے کیلئے موثر ڈیجیٹل نظام لایا جارہا ہے جس کے تحت وکالت کے لائسنس کا جعلی ڈپلیکیٹ بنانا نا ممکن ہوگا ، بروقت انصاف کے حصول میں رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے مثبت تجاویز کی فراہمی کو بھی اپنافرض سمجھتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع سے آنے والے وکلاء کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرچیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی حاجی افضل دھرالہ،سابق وائس چیئرمینز چودھری بابر وحید،کامران بشیر مغل،فرحان شہزاد،سیکرٹری پنجاب بار رفاقت علی سوہل ،اکائونٹ آفیسر رانا عمیر احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وائس چیئرمین عرفاق صادق تارڑ نے کہا کہ پنجاب بار کونسل نے شفافیت کو یقینی بنانے اوروکلاء کی سہولت کیلئے تمام سسٹم کو آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، سسٹم کواپ گریڈ کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وکالت ایک معتبر پیشہ ہے ، متفقہ فیصلہ ہے کہ جعلی وکلاء کا کڑا محاسبہ کیا جائے گا،اس تناظر میں مینوئل سسٹم ختم کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے ، نئے وکلاء کی انرولمنٹ ،اسناد کی تصدیق اور وکالت کارڈ آن لائن دستیاب ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارت قانون سے اپیل ہے کہ موجودہ دور سے مطابقت نہ رکھنے والے پرانے قوانین کو تبدیل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جس کیلئے پنجاب بار کونسل اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :