ڈیرہ غازی خان میں پولیس نے مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا

اتوار 23 مارچ 2025 19:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2025ء) ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے چوٹی میں پولیس نے مقابلے کے بعد اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل چھیننے والے دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ چوٹی پولیس کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کے دوران شہریوں نے تین ملزمان کو پکڑ لیا تھا تاہم ان کے دیگر ساتھی موقع پر پہنچے اور فائرنگ کرکے انہیں چھڑا کر لے گئے۔

ملزمان شہری سے چھینی گئی موٹر سائیکل 125 بھی ساتھ لے گئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزمان کا تعاقب کیا۔ گھیراؤ کرنے پر ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ڈاکوئوں کو زخمی حالت میں ، جن کی شناخت ظفر عباس ولد غلام عباس اور محمد دلشاد ولد محمد اشرف کے نام سے ہوئی، کو گرفتار کر لیا۔

زخمی ڈاکو متعدد وارداتوں میں ملوث تھے جن میں چوری اور ڈکیتی کی مختلف کارروائیاں شامل ہیں۔ملزمان کے قبضے سے واردات میں چھینا گیا موٹر سائیکل 125 اور دو عدد پسٹل 30 بور برآمد کر لیے گئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔