لاہورایئرپورٹ پر مسافر سے کروڑوں روپے کے 100 سے زائد آئی فون برآمد

کسٹم حکام نے خفیہ اطلاع پر تھائی ایئرلائن کی فلائٹ کے مسافر سے کروڑوں روپے کے قیمتی آئی فون برآمد کیے

Sajid Ali ساجد علی پیر 24 مارچ 2025 11:58

لاہورایئرپورٹ پر مسافر سے کروڑوں روپے کے 100 سے زائد آئی فون برآمد
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مارچ 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ایئرپورٹ پر مسافر سے کروڑوں روپے کے 100 سے زائد آئی فون برآمد کرلیے گئے۔ تفصیلات کے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے خفیہ اطلاع پر تھائی ایئرلائن کی فلائٹ سے آنے والے مسافر سے کروڑوں روپے کے 100 سے زائد آئی فون برآمد کیے۔ اس بارے میں ترجمان محکمہ کسٹم کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بینکاک سے آنے والی تھائی ایئرلائن کی فلائٹ پر آنے والے علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کے رہائشی سے کروڑوں روپے کے قیمتی ائی فون برآمد ہوئے، چیکنگ کے دوران مسافر ملک شاہد حسین کے سامان سے کروڑوں روپے کے 102 آئی فون برامد کے گئے، جس پر ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا، مدثر علی قطر ایئرویز کی پرواز QR621 کے ذریعے اٹلی جانے کی کوشش کر رہا تھا جب کہ ذیشان کھوکھر امارات ایئر لائن کی پرواز EK625 کے ذریعے ساؤتھ افریقہ کا سفر کرنے والا تھا، تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران دونوں مسافروں کو مشکوک پایا گیا اور تفتیش کرنے پر ان کے پاسپورٹ پر جعلی ویزے برآمد ہوئے۔

ابتدائی تفتیش سے پتا چلا کہ ملزمان نے یہ جعلی ویزے بھاری رقوم کے عوض ایجنٹوں سے حاصل کیے، ذیشان کھوکھر نے اٹلی کا ویزہ عثمان نامی ایجنٹ سے 27 لاکھ روپے میں حاصل کیا تھا، ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا جب کہ ترجمان ایف آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنی سفری دستاویزات غیر متعلقہ افراد کے حوالے نہ کریں اور ویزہ حاصل کرنے کے لیے صرف متعلقہ ملک کی ایمبیسی یا نامزد کردہ ویزہ ایپلیکیشن سینٹر سے رجوع کریں۔