Live Updates

حکمرانوں کو کہنا چاہتا ہوں قبلہ درست کرلیں ورنہ ایک ہفتے میں اسلام آباد پر قبضہ کرلیں گے، مولانا فضل الرحمان

مان لو تمہارے اندر سیاسی بصیرت نہیں، سیاسی لحاظ سے تم کورے ہو، عوام کے بغیر ہم اس ملک میں کوئی حکمرانی نہیں مانتے، عوام کے سامنے سر تسلیم خم کرلو؛ بٹگرام میں شعائراسلام کانفرنس سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 29 جون 2025 20:31

حکمرانوں کو کہنا چاہتا ہوں قبلہ درست کرلیں ورنہ ایک ہفتے میں اسلام ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جون 2025ء ) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اب ہماری تحریک چلے گی، حکمرانوں کو کہنا چاہتا ہوں قبلہ درست کرلیں ورنہ ایک ہفتے میں اسلام آباد پر قبضہ کرلیں گے، اسلام آباد جانے کیلئے تیار رہیں، پاکستان کے اندر انقلاب برپا کریں گے۔ بٹگرام میں شعائر اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجتماع سے ثابت ہوگیا عوام جے یوآئی کے ساتھ ہیں، جے یو آئی پاکستان میں انقلاب برپا کرے گی، اب ہماری تحریک چلے گی، قوم کی وحدت کے لیے ہماری کوشش جاری رہے گی، ہم پُرامن لوگ ہیں، ہمیں اسلام آباد پر قبضے کیلئے مجبور نہ کریں، ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے امریکہ کو شکست دی ہے، ہم آئین، قانون کی پیروی کرتے ہوئے ملک کیلئے کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

سربراہ جے یو آئی کا کہنا ہے کہ مان لو تمہارے اندر سیاسی بصیرت نہیں، سیاسی لحاظ سے تم بالکل کورے ہو، ملک آئین کی پٹڑی سے اتررہا ہے، ہم ملک کو آئین کی پٹڑی سے اتارنے والوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں، آگے بڑھیں گے اور پاکستان کے اندر انقلاب برپا کریں گے، عوام کے بغیر ملک میں کوئی حکمرانی نہیں مانتے، جے یو آئی نے اُس حکومت کو چلنے دیا نہ اِس حکومت کو چلنے دیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ فاٹا کا خیبر پختونخواہ میں انضمام کا فیصلہ غلط اور یکطرفہ ہے، قبائل ناراض ہیں، فاٹا کے انضمام پر میں نے تحریری طور پر سوالات اٹھائے تھے، آج وہ اپنے فیصلے پر پچھتا رہے ہیں, یہ حکومتیں نہیں چلیں گی، عوام کے فیصلے کے آگے سرتسلیم خم کیا جائے، جے یو آئی کارکن میدان عمل میں ہوں گے تو کامیابی مقدر بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کو کہتا ہوں کہ فلسطین پر جنگ بندی کیوں نہیں کرتے، ایران نے جب اسرائیل کے اوسان خطا کیے تو پھر کہا گیا جنگ بندی کرو، پاک فوج نے بھارت کو نیست ونابود کیا تو پھر ٹرمپ نے کہا جنگ بندی کریں، عراق، فلسطین، شام، افغانستان اور لیبیا میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات