فوڈ اتھارٹی فیصل آباد کا جعلی شہد بنانےوالے یونٹ پر چھاپہ،100کلو جعلی شہد، گلوکوز، شیرہ اور50 بوتلیں تلف

پیر 24 مارچ 2025 15:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) فوڈ اتھارٹی فیصل آبادکی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جڑانوالہ روڈ فیصل آباد پر جعلی شہد بنانےوالے یونٹ پر چھاپہ مارکر100کلو گرام سے زائد جعلی شہد، گلوکوز، شیرہ اور 50 بوتلیں تلف کردیں جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کروادیا گیاہے۔فوڈ اتھارٹی فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ رمضان المبارک میں جعلی شہدکی تیاری و فروخت کا مکروہ دھندہ کرنے کی اطلاع پرڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جڑانوالہ روڈ پر یونٹ پر چھاپہ مارا اور100کلو سے زائد جعلی شہد، گلوکوز، شیرہ اور 50 بوتلیں قبضہ میں لےکر تلف کردیں۔

انہوں نے بتایا کہ یونٹ سے جعلی شہد برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی جہاں گلوکوز اور ممنوعہ اجزاکی ملاوٹ سے جعلی شہد تیار کیا جا رہا تھاجبکہ یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، مکھیوں کی بھرمار، پروسیسنگ ایریا میں واش روم موجود تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جعلی شہد کو معروف کمپنیوں کی دلکش پیکنگ لگا کر مارکیٹ میں سپلائی کیا جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر مالک کے خلاف مقدمہ درج کروادیا گیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا عزم ہے کہ صوبہ بھر میں جعلسازی کرنے والوں کےخلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں اور رہیں گی کیونکہ اشیائے خورونوش کی تیاری میں جعلسازی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کے معیار پہ زیرو ٹالرنس ہے لہٰذاخلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :