جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں موسم بہار شجر کاری مہم کا آغاز

پیر 24 مارچ 2025 15:13

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں موسم بہار شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس مہم کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے پودا لگا کر کیا۔اس موقع پر انہوں نے ماحولیاتی تحفظ اور آلودگی کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں بہتر ماحول مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ ہم فاطمہ جناح کیمپس اور امام بی بی کیمپس میں مجموعی طور پر دس ہزار پودے لگائیں ۔ انہوں نے ہارٹیکلچر سوسائٹی کے سربراہ ڈاکٹر زاہد علی بٹ اور طالبات کی کوششوں کو سراہا، جو یونیورسٹی کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔شجر کاری مہم میں ہارٹیکلچر سوسائٹی، شعبہ باٹنی اور اردو کی طالبات نے بھرپور شرکت کی اور مختلف اقسام کے پودے لگائے۔ اس موقع پر طالبات کا کہنا تھا کہ درخت لگانا مستقبل کے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے۔تقریب میں یونیورسٹی کے تمام تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان بھی شریک تھے، جنہوں نے شجرکاری مہم کو سراہا اور ماحول کی بہتری کے لیے اس عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔