مظفرگڑھ ،سپیشل بچوں کی جدید خطوط پر تربیت کرکے انہیں مفید شہری بنانا ہے،کمشنر

پیر 24 مارچ 2025 15:13

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) کمشنر ڈیرہ غازی خان چوہدری اشفاق احمد نے مظفرگڑھ کا دورہ کیا، کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور کوڑے خان سکول کا معائنہ کیا۔ کمشنر اشفاق احمد چودھری اور ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے خصوصی بچوں سے ملاقات کی اور عیدی اور تحائف تقسیم کئے جس پربچوں نے خوشی کا اظہارکیا۔ سردار کوڑے خاں پبلک سکول میں کمشنر ڈی جی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پرڈویژن کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں سپیشل بچوں کو عید گفٹ دیئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپیشل بچوں کی جدید خطوط پرتربیت کر کے ان کو مفید شہری بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں یہ بچے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جوا ب میں انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اچھے اور مربوط انداز میں کام کررہی ہے،تاہم بہتری کی گنجائش ہر جگہ موجود ہوتی ہے ، انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں سہولیات مل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری کی ضرور ت ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی ، سی ای او تعلیم ماہ جبین، پرنسپل سردار کوڑے خان پبلک سکول طاہر بشیر بھی موجود تھے۔\378