تحصیل صدر ہسپتال تونسہ میں ایچ آئی وی ایڈز کے حوالے سے بچوں اور بالغ افراد کی سکریننگ شروع کر دی گئی ،کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن

پیر 24 مارچ 2025 16:18

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ محکمہ صحت کی طرف سے تحصیل صدر ہسپتال تونسہ میں ایچ آئی وی ایڈز کے حوالے سے بچوں اور بالغ افراد کی سکریننگ شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال تونسہ میں سکریننگ اور ٹریٹمنٹ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام کےلئے تمام ضروری اقدامات شروع کردئیے ہیں۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کی ٹیموں نےتحصیل تونسہ شریف میں عطائیوں کے خلاف کارروائی بھی شروع کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہرین طب کے مطابق ایچ آئی وی ایڈز کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ ایک سرنج کا بار بار استعمال ہے۔مریض ضرورت پڑنے پر اپنے سامنے نئی سرنج استعمال کریں اور استعمال کے بعد سرنج کو اپنے سامنے محفوظ طریقے سے تلف کرادیں۔

(جاری ہے)

کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عطائیوں کے کلینکس اور بار بار ایک ہی سرنج استعمال کرنے والوں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کرکے قیمتی انسانی جانوں کو مہلک امراض سے بچایا جاسکے۔

ادھر ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ڈاکٹر سمیرا اشرف نے بتایا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال تونسہ کے سکریننگ کیمپ میں اب تک 111 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے ۔تونسہ ہسپتال ٹریٹمنٹ سینٹر بھی بنایا گیا ہے اب مریضوں کو ڈیرہ غازی خان جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ مریض ٹی ایچ کیو ہسپتال تونسہ میں علاج کرا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری ہیلتھ و پاپولیشن پنجاب نادیہ ثاقب تونسہ کے سکریننگ کیمپ اور دیگر معاملات کی خود مسلسل نگرانی کررہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :