ڈیرہ غازی خان میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مساجد، عبادت گاہوں، مارکیٹوں، بینکوں، شاپنگ سنٹرز کی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے احکامات

پیر 24 مارچ 2025 16:18

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر)سجاد حسن خان نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مساجد، عبادت گاہوں، مارکیٹوں، بینکوں اور شاپنگ سنٹرز کی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔آرپی او نے ضلعی سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر غیر ملکی شہریوں، اہم تنصیبات کی سکیورٹی کوہائی الرٹ رکھا جائے اور شہروں کے داخلی و خارجی راستے، بین الصوبائی بارڈرز اور انٹری پوائنٹس پر سخت چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مصروف شاہرات اور شاپنگ پلازوں کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے سٹریٹ کرائم کے واقعات پر قابو پانے کیلئے گشت کے اوقات کو مزید بڑھایا جائے،جرائم سے متاثرہ علاقوں میں پٹرولنگ میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کے سلسلے کو بھی تیز کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ اہم شاہراؤں پر ٹریفک مینجمنٹ کے مسائل پر قابو پانے کیلئے سینئر افسران تمام اقدامات کی بذات خود نگرانی کریں اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔

مسافروں کی آمدورفت کومحفوظ بنانے کے لیے قومی شاہرات پر ضلعی پولیس، پنجاب ہائی وے پیٹرول اور ایلیٹ فورس کی مسلسل گشت جاری رکھیں۔آر پی او نے کہا کہ پتنگ بازی اور ون ویلنگ کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ منشیات ،شراب کی خرید و فروخت اور استعمال میں ملوث افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے ۔