اوپن یونیورسٹی کے کلیہ سائنس کی فیکلٹی بورڈ کا اجلاس، مختلف تدریسی پروگراموں کی منظوری

پیر 24 مارچ 2025 16:48

اوپن یونیورسٹی کے  کلیہ سائنس کی فیکلٹی بورڈ کا اجلاس، مختلف تدریسی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں فیکلٹی آف سائنسز کی فیکلٹی بورڈ کا 28واں اجلاس گزشتہ روز ڈین پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں مختلف شعبہ جات کے بی ایس،ایم فل، پی ایچ ڈی اور ڈپلومہ پروگرامز کی سکیم آف سٹڈیز کے علاوہ دیگر متعلقہ تدریسی و نصابی امور کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیکلٹی کے تمام اساتذہ نے شرکت کی جبکہ بیرونی ممبران بھی شامل تھے۔ اجلاس نے ایچ ڈی رورل ڈویلپمنٹ، بی ایس سافٹ وئیر انجینئرنگ ، ایسوسی ایٹ ڈگری ریاضی، بی ایس انوائرمنٹل سائنس اور ڈپلومہ سائبر سکیورٹی پروگرامز کو او ڈی ایل موڈ پر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹرشیر محمد نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ہدایات کی روشنی میں معیاری تعلیم پر خصوصی توجہ ہوگی۔

(جاری ہے)

اوپن یونیورسٹی کے تمام ڈگری پروگرامز کو ایچ ای سی کی ہدایات کے مطابق عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں موجود جدید سائنس لیبارٹریز سے طلبہ مستفید ہوں تاکہ عملی میدان میں جدید تقاضوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابی حاصل کریں۔ واضح رہے کہ فیکلٹی بورڈ کے تمام فیصلوں کی منظوری اکیڈمک کونسل اور ایگزیکٹو کونسل کے آئندہ اجلاس سے لی جائے گی۔