موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی، 10 بوریاں ممنوعہ گٹکا برآمد، ایک ملزم گرفتار

پیر 24 مارچ 2025 17:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2025ء) موٹروے پولیس ساتھ زون نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے مالیت کا ممنوعہ گٹکا برآمد کر لیا اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق، مٹیاری کے قریب ایک رکشہ ڈرائیور نے موٹروے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک سفید ہونڈا سٹی (نمبر BJX-462) اس کے رکشے کو ٹکر مار کر فرار ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران نے فوری طور پر تعاقب شروع کیا، جس پر ملزمان نے گاڑی 197-NB کے مقام پر چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہو گیا۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر 10 بوریاں ممنوعہ گٹکے اور دو جعلی نمبر پلیٹس برآمد ہوئیں۔موٹروے پولیس نے گرفتار ملزم اور برآمد شدہ ممنوعہ سامان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ کھبرانی کے حوالے کر دیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس ساتھ زون، سب انسپکٹر قیصر نیازی نے کہا کہ موٹروے پولیس جرائم کے خاتمے اور شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس طرح کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔