پولیس کی حربی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کو جدید اسلحہ اور آلات سے لیس کیا جائے گا،آئی جی پی

پیر 24 مارچ 2025 17:36

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کے ایک نمائندہ وفد نے منیجنگ ڈائریکٹرفہیم اکرم کی قیادت میں آج سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید سے ملاقات کی جبکہ این آر ٹی سی کی جانب سے تیار کردہ جدید مواصلاتی آلات اور ساز و سامان کے نمونے بھی معائنہ کے لیے پیش کئے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن(این آر ٹی سی) کی جانب سے تیار کردہ مختلف مصنوعات کا معائنہ کیا۔اس موقع پر این آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے آئی جی پی کو این آر ٹی سی کی جانب سے جدید اسلحے کی تیاری کے مختلف مراحل اور گاڑیوں میں لگے خودکار آلات کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

آئی جی پی کو بتایا گیا کہ این آر ٹی سی میں جدید مواصلاتی نظام، سیکیورٹی اور مانٹیرنگ کے آلات، خود کار ٹرانسمیٹرز، نائٹ ویژن ڈیوائسز اور ڈرون کیمرے تیار کئے جاتے ہیں۔ اسی طرح بموں کو ناکارہ بنانے کے لیے جدید آلات بشمول روبوٹس اور جدید و محفوظ مواصلاتی نظام کی تنصیب اور آلات بھی تیار کئے جاتے ہیں۔ آئی جی پی نے خیبر پختونخوا پولیس کے لیےاین آر ٹی سی کی جانب سے تیار کردہ آلات خریدنے میں گہری دلچسپی ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ این آر ٹی سی اور خیبر پختونخوا پویس اسٹرٹیجک پارٹنرز ہیں اور پولیس کو بیشتر جدید آلات اور اسلحہ فراہم کرنے کا سہرا بھی ان کے سر ہے۔

آئی جی پی نے کہا کہ جدید ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے خیبر پختونخوا پولیس اپنی پیشہ ورانہ ضروریات پورا کرنے کے لیے زیادہ تر سازوسامان این آر ٹی سی سے خریدرہی ہے تاکہ خیبر پختونخوا پولیس کی عہد حاضر کی پیشہ ورانہ ضروریات کو پورا کرکے عوام کے تحفظ کے لیے اس سے استفادہ کیا جاسکے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا کی جدید حربی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے وفد کے ساتھ بعد میں ایک اجلاس میں خیبر پختونخوا پولیس کی استعدادی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے اور الیکٹرانک آلات کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے پر غور کیا گیا ۔ خیبر پختونخوا پولیس اور ادارے کے درمیان جاری مختلف پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ این آر ٹی سی خیبرپختونخوا پولیس کے لیے جو جدید مواصلاتی آلات و سازو سامان مینو فیکچر کر رہی ہے،ان میں ٹیلی کمیونیکیشن آلات ،جیمرز ،سی سی ٹی وی سسٹم،بیگج سکینرز، روبوٹ، نائٹ ویژن، دھماکہ بھڑکانے والی لہروں کی طاقت توڑنے کے جیمرزاورسکیورٹی سے متعلق دیگر آلات شامل ہیں۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا پولیس کو مختلف آلات کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے کے طریقہ کار پر اتفاق رائے ہوا۔اجلاس کے شرکاءنے اُمید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا پولیس کو جو جدید آلات فراہم کئے جارہے ہیں وہ نہ صرف موجودہ حفاظتی تقاضوں کو پورا کرتے ہیں بلکہ مستقبل میں بھی جدید تقاضوں کے مطابق فورس کے جوانوں کو د ہشت گردوں کے مذموم عزائم کو بروقت خاک میں ملانے کے لیے انتہائی معاون ثابت ہونگے۔آئی جی پی نے وفد کے سربراہ کو اعزازی پولیس شیلڈ بھی پیش کی۔