کراچی میں سڑکوں کی کھدائی کے اجازت نامے میئر کراچی اور سٹی کمشنر کے تحت لانے کے فیصلے کا خیرمقدم

پیر 24 مارچ 2025 22:49

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2025ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کراچی میں سڑکوں کی کھدائی کے اجازت نامے میئر کراچی اور سٹی کمشنر کے تحت لانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اُسے ایک دانشمندانہ اور دور رس نتائج کا حامل اقدام قرار دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اِس فیصلے سے کراچی میں غیر ضروری کھدائی کی روک تھام، نئی تعمیر شدہ سڑکوں کی پائیداری اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری میں مدد ملے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں مختلف محکموں اور بلدیاتی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے فقدان کی وجہ سے ایک ہی سڑک کو بار بار کھودا جاتا رہا ہے۔ اِس غیر منظم عمل کے باعث نہ صرف سرکاری خزانے پر غیر ضروری بوجھ بڑھا بلکہ عوام کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ کے اس اقدام سے سڑکوں کی کھدائی کے ایک منظم اور مربوط نظام کو فروغ ملے گا اور مختلف یوٹیلیٹی اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا ہوگی جس سے مالی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے گا۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی کی طرح حیدرآباد سمیت سندھ کے تمام دیگر شہروں میں بھی یہی پالیسی نافذ کی جائے تاکہ اُن شہروں میں بھی سڑکوں کی غیر ضروری کھدائی کو روکا جا سکے۔

اُنہوں نے کہا کہ سندھ کے مختلف شہروں میں یہ مسئلہ عرصہ دراز سے موجود ہے جہاں مختلف محکمے اور ادارے بغیر کسی مناسب منصوبہ بندی کے سڑکوں کی کھدائی کرتے ہیں جس کی وجہ سے عوامی فنڈز ضائع ہو رہے ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اگر کراچی کی طرز پر حیدرآباد اور دیگر شہروں میں بھی ایک مربوط نظام قائم کر دیا جائے تو اس سے سڑکوں کی غیر ضروری کھدائی کو روکا جا سکے گا عوامی مشکلات میں کمی آئے گی اور شہروں میں بہتر ٹریفک مینجمنٹ ممکن ہو سکے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری اور کاروباری برادری کو وزیر اعلیٰ سندھ کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور اُنہیں اُمید ہے کہ وہ اِس بہترین پالیسی کو سندھ کے دیگر شہروں تک وسعت دے کر عوام کو مزید ریلیف فراہم کریں گے۔ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری اِس حوالے سے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے اور اُمید کرتا ہے کہ اِس اہم مسئلے پر جلد عملی پیش رفت سامنے آئے گی۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے کہا کہ اس پالیسی پر پورے سندھ میں عملدرآمد سے نہ صرف عوامی فنڈز کی بچت ممکن ہوگی بلکہ شہری انفراسٹرکچر میں بھی نمایاں بہتری آئے گی، جو سندھ کی معیشت اور شہری ترقی کے لیے ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔