شکیب الحسن کی مشکلات میں مزید اضافہ ، بنگلادیش میں اثاثے ضبط

عدالت پہلے ہی اس کیس میں آل راؤنڈر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرچکی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 مارچ 2025 10:31

شکیب الحسن کی مشکلات میں مزید اضافہ ، بنگلادیش میں اثاثے ضبط
ڈھاکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 مارچ 2025ء ) سابق بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن کی مشکلات میں ایک اور اضافہ ہوگیا، عدالت نے آل راؤنڈر کے ملک میں موجود اثاثے ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈھاکا کے ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ ضیاء الدین رحمان نے مفرور وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی عوامی لیگ کے رکن اسمبلی شکیب الحسن کو چیک باؤنس کیس میں جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔

 
شکیب نے 2016ء میں بنگلا دیش میں ستکھیرا میں ایک کیکڑے کا فارم بنایا تھا جو 2021ء سے غیر فعال ہے۔ مذکورہ چیکس بینک سے لیے گئے قرض کی ادائیگی کیلئے تھے جو شکیب کی اس کمپنی نے بینک سے لیا تھا لیکن چیکس ناکافی فنڈز کی وجہ سے باؤنس ہو گئے تھے۔ 
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2024ء میں بنگلادیشی بینک نے باؤنس ہونے والے چیکس کے معاملے پر قانونی نوٹس جاری کیا تھا اور بعد میں 24 دسمبر کو شکیب اور ان کی کمپنی کے 3 دیگر عہدیداروں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

(جاری ہے)

 
بعد ازاں شکیب الحسن کو گزشتہ برس 18 دسمبر کو عدالت نے انہیں ابتدائی سماعت کے بعد 19 جنوری کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا تاہم کرکٹر پیش نہ ہوئے جس کے بعد جنوری میں عدالت نے اس کیس میں شکیب کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ 
یاد رہے کہ شکیب الحسن سیاسی بدامنی اور عوامی لیگ کے ساتھ وابستگی کے باعث جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد بنگلا دیش سے باہر ہیں۔ وہ گزشتہ سال حکومت مخالف مظاہروں کے دوران نوجوان کے قتل کے مقدمے میں بھی نامزد ہیں۔