یوٹیوبر رجب بٹ کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج، مذہبی جذبات مجروح کرنے کی دفعات شامل

لاہور کے تھانہ نشتر کالونی میں رجب بٹ کے خلاف درج ایف آئی آر میں نیا پرفیوم متعارف کرانے کا بھی ذکر کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 25 مارچ 2025 11:06

یوٹیوبر رجب بٹ کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج، مذہبی جذبات مجروح ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ 2025ء ) معروف یوٹیوبر رجب بٹ کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رجب بٹ کیخلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں پیکا ایکٹ اور 295 اے کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ سید حیدر علی شاہ نامی شہری کے بیان پر درج کیا گیا، اس کے علاوہ رجب بٹ کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے مذ ہبی تنظیم کی جانب سے تھانے کے باہر مظاہرہ بھی کیا گیا ۔

بتایا گیا ہے کہ رجب بٹ کے خلاف ایف آئی آر میں نیا پرفیوم متعارف کرانے کا بھی ذکر کیا گیا ہے جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل دیا گیا تھا اور اب لاہور پولیس نے یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف مقدمے میں پیکا ایکٹ اور جذبات مجروح کرنے کی دفعات بھی شامل کی ہیں، یوٹیوبر کے خلاف مذکورہ مقدمہ لاہور کے تھانہ نشترکالونی میں درج کیا گیا اور پولیس کا کہنا ہے کہ ’مقدمہ کے اندراج کے بعد مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ملزم کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سے پہلے بھی یوٹیوبر رجب بٹ اپنے کئی بیانات اور سوشل میڈیا مواد کی وجہ سے خبروں کا حصہ بنے رہے ہیں اور ان کے خلاف متعدد مقدمات کا اندرج بھی ہوچکا ہے، اسی ظرح گزشتہ سال دسمبر میں لاہور پولیس نے لائسنس کے بغیر شیر کا بچہ اور اسلحہ رکھنے پر رجب بٹ کو گرفتار کیا تھا، اس مقصد کے لیے محکمہ وائلڈ لائف کے ہمراہ پولیس نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا، اس دوران رجب بٹ سے غیر قانونی کلاشنکوف برآمد ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں تاہم بعد ازاں ضمانت پر انہیں رہائی مل گئی تھی۔