جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس تعینات

16 رکنی جوڈیشل کمیشن میں جسٹس سرفراز ڈوگر کے حق میں 9 ووٹ پڑے، جسٹس جمال مندوخیل نے کسی جج کو ووٹ نہیں دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 1 جولائی 2025 16:30

جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس تعینات
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی 2025ء ) جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا مستقل چیف جسٹس تعینات کر دیا گیا، جوڈیشل کمیشن نے اکثریتی رائے سے ان کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ 16 رکنی جوڈیشل کمیشن میں جسٹس سرفراز ڈوگر کے حق میں 9 ووٹ پڑے، دو ممبران نے جسٹس محسن اختر کیانی کے حق میں ووٹ دیا، جوڈیشل کمیشن کے 4 ممبران نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تعینات کرنے کے حق میں فیصلہ دیا جب کہ جسٹس جمال مندوخیل نے کسی جج کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔

بتایا گیا ہے کہ چیئرمین جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت سندھ، بلوچستان، پشاور اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا جہاں جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے لیے جسٹس اعجاز انور، جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس ارشد علی کے ناموں پر غور ہوا جس کے بعد جسٹس عتیق شاہ کے نام کی منظوری دے دی گئی، 16 رکنی جوڈیشل کمیشن نے 5 کے مقابلے میں 11 کی اکثریت سے جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نامزد کرنے کی منظوری دی، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے جسٹس عتیق شاہ کی نامزدگی کی مخالفت کی، خیبرپختونخواہ کے وزیر قانون اور تحریک انصاف کے دو ارکان نے بھی ان کی تقرری کی مخالفت کی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے 13 مستقل اراکین ہیں تاہم ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے لیے کمیشن کے ممبران کی تعداد 16 ہوتی ہے جن میں سے کم ازکم 9 ممبران کی اکثریت سے چیف جسٹس کا تقرر ہوتا ہے، جوڈیشل کمیشن میں چیف جسٹس پاکستان، سپریم کورٹ کے 4 ججز، اٹارنی جنرل، 2 حکومتی اراکین اور 2 اپوزیشن اراکین شریک ہوتے ہیں، اس کے علاوہ جوڈیشل کمیشن میں پاکستان بار کی نمائندگی احسن بھون کر رہے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی کی نامزد کردہ روشن خورشید بھروچہ بھی شریک ہیں، صوبائی چیف جسٹس کے لیے صوبائی وزیرقانون، ہائیکورٹ بارکا نمائندہ اور ہائیکورٹ کے سابق جج شریک ہیں۔