مقبوضہ کشمیر میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے ذریعے خوف کا ماحول

منگل 25 مارچ 2025 12:01

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران لوگوں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے جاری تلاشی کی کارروائیوں ، رات کے چھاپوں اور سیاسی کارکنوں کی جبری گرفتاریوں نے مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کردیا ہے۔

وادی کشمیر اور جموں کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوجیوں کی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں اور چھاپوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کارروائیوں کا مقصد آزادی پسند کشمیریوں کو دہشت زدہ اور خاموش کرانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس طرح کی مذموم کارروائیوں سے کشمیریوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا ۔

ترجمان نے پارٹی کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت قائدین کی بھارتی جیلوںمیں تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی فور ی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی جلد از جلد رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں ۔