سرگودھا، زرعی کالج میں تقریبادو اعشاریہ چھ (2.6)میگا واٹ کے تین سولر انرجی پراجیکٹس مکمل

منگل 25 مارچ 2025 15:47

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء)سرگودھا یونیورسٹی نے توانائی کی ضروریات اور گرین انرجی کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی کالج میں تقریبادو اعشاریہ چھ (2.6)میگا واٹ کے تین سولر انرجی پراجیکٹس مکمل کر لیے۔زرائع کے مطابق سرگودھا یونیورسٹی نے توانائی کی ضروریات اور گرین انرجی کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سسٹم کو سولر پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جسکی کامیابی کے ساتھ تکمیل پر سولرائزیشن کمیٹی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، پرو وائس چانسلر و کمیٹی کے کنوینئر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے آگاہ کیا کہ یونیورسٹی نے شمسی توانائی کا یہ منصوبہ اپنے وسائل سے مکمل کرتے ہوئے پائیدار، ماحول دوست اور محفوظ سولر انرجی کو بروئے کار لانے والی اولین پبلک سیکٹر یونیورسٹی کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبہ کو مکمل کرنے کیلئے مارچ2024 میں دو نجی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کئے گے اور قلیل عرصہ میں اس منصوبہ کو یقینی بناتے ہوئے تمام کیمپسز کو سولر انرجی پر منتقل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے گرین انرجی کی جانب برق رفتار پیشرفت اولین اور ترجیحی منصوبہ تھا اور اس منصوبے کو قلیل عرصہ میں مکمل کرلیا گیاجس پر پوری ٹیم اور انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی آلودگی سے پاک، ماحول دوست گرین انرجی کا یہ منصوبہ حکومت پاکستان کی بجلی بچا مہم کی جانب ایک غیر معمولی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ گرین انرجی کو فروغ دینے سے نہ صرف ماحولیاتی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ مستقبل کیلئے ایک پائیدار اور صاف توانائی کا نظام بھی تشکیل دیا جا سکتا ہے۔اس منصوبہ کی تکمیل سے یونیورسٹی نے بجلی کی کھپت میں کمی کے ساتھ ساتھ بجلی کے بلوں کی مد میں خرچ ہونے والی خطیر رقم کی بچت کو یقینی بنایا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے زرعی کالج میں 2.6 میگا واٹ کے اس منصوبے کے ذریعے بغیر کسی تعطل کے بجلی کی ترسیل پر اس منصوبہ کو اہم سنگ میل قرار دیا اور بتایا کہ مستقبل قریب میں یونیورسٹی خودانحصاری کے مزید منصوبوں کا آغاز کرے گی۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے سولر ائزیشن پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر کنوینئر سولرائزیشن کو سووینئر اور پوری ٹیم میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :