تمام محکمے اپنے کورٹ کیسز کی پیروی یقینی بنائیں، کمشنر راولپنڈی ڈویژن

منگل 25 مارچ 2025 18:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اپنے کورٹ کیسز کی پیروی یقینی بنائیں اور کہیں پربھی کوئی غیر حاضری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو فوکل پرسنز نامزد کیا گیا ہے۔ تاہم ڈویژنل ہیڈز ایک دن کے اندر اپنے کورٹ کیسز اور اس پر مطلوبہ کارروائی کی تفصیلی رپورٹ شیئر کریں۔

اسکے علاوہ محکمے کے سربراہان سرٹیفیکیٹ دیں گے کہ کوئی بھی کیس ان کی طرف سے تاخیر کا شکار نہیں ہے۔ انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ کورٹ کیسز کا غیر ضروری التواء عوام کے لئے تنگی کا باعث بنتا ہے اس لئے اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ کسی بھی محکمے کی وجہ سے کیسز کی پیروی میں تاخیر نہ ہو بصورت دیگر ادارے کے سربراہ کے خلاف انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انجینئر عامرخٹک نے مزید کہا کہ تمام تر ترقیاتی سکیمز کے لئے ای ٹینڈرنگ کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر رجسٹرار آفسز کا دورہ کریں اور یقینی بنائیں کہ عوامی سہولت کے تمام تر انتظامات وہاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرار آفسز میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دوروں کا شیڈول جاری کیا جائے۔ ایسے پٹواری جو عوام کے لئے ریلیف کی بجائے زخمت کا باعث بن رہے ہیں اور ادارے کے لئے بدنامی پیدا کر رہے ہیں، انہیں فوری طور پر معطل کر کے ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :