ای سی سی نے ریکوڈک پراجیکٹ کے مجموعی ترقیاتی منصوبہ میں تبدیلیوں اوردیگرامورکے حوالہ سے سمری کی منظوری دیدی

منگل 25 مارچ 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ریکوڈک پراجیکٹ کے مجموعی ترقیاتی منصوبہ میں تبدیلیوں اوردیگرامورکیلئے سمری کی منظوری دیتے ہوئے وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ کو تمام اقدامات بروقت مکمل یقینی بنانے کیلئے قریبی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کااجلاس منگل کویہاں منعقد ہوا، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے چین میں بواؤ فورم فار ایشیا 2025 میں شرکت کے دوران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر تجارت جمال کمال خان، وزیرسرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ، چیئرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں و ڈویژنز کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ریکو ڈک پراجیکٹ، منصوبہ کے مجموعی ترقیاتی منصوبے میں تبدیلیوں اورمتعلقہ مالیاتی وعدوں،افراط زرکی وجہ سے منصوبہ کے مالیات، گنجائش میں اضافے، انرجی مکس، پانی کی فراہمی کے متبادل آپشنز اور جدید پروسیسنگ پلانٹس اور مشینری سے متعلق سمری کاتفصیل سے جائزہ لیاگیا۔

کمیٹی نے منصوبہ میں ہونے والی اضافی لاگت کی وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے سمری میں دی گئی تجاویز کی منظوری دی اور وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ کو تمام متفقہ اقدامات بروقت مکمل یقینی بنانے کیلئے قریبی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ۔ ای سی سی نے ریکو ڈک پراجیکٹ کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسے انتہائی اہم قومی منصوبہ قرار دیا۔

اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کے ترقیاتی گرانٹ سے اسکردو میں پی ایس بی کوچنگ سینٹر کی تعمیر کے لیے 200 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کے حوالہ سے سمری کی منظوری دی گئی۔کمیٹی نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کو منصوبے کی تکمیل کے بعد تربیتی مرکز فعال رکھنے اور مقامی آبادی کو کھیلوں کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے لیے جدید ترین تربیتی سہولت کے طور پر کام کرنے کویقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :