مودی حکومت جنوبی ریاستوں کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کر رہی ہے،وزیر اعلیٰ تامل ناڈو

منگل 25 مارچ 2025 21:20

چنئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے سٹالن نے کہا ہے کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت ہندی زبان مسلط کرکے اور مالی ناانصافیاں کرکے جنوبی ریاستوں کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کررہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایم کے سٹالن نے یہ بات تامل ناڈو کی قانون ساز اسمبلی میں ایک خصوصی توجہ دلائو تحریک کا جواب دیتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے تامل اور انگریزی کی دو زبانوں کی پالیسی کے تئیں اپنی حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی تیسری زبان بالخصوص ہندی کو مسلط کرنے کی کوششوں سے نہ صرف تامل زبان بلکہ تامل ثقافت اور شناخت کو بھی خطرہ ہو گا۔وزیر اعلیٰ سٹالن نے کہاکہ ہم دو زبانوں کی پالیسی کو بہت پیار سے اپنائے ہوئے ہیں کیونکہ تاریخ نے ہمیں سکھایا ہے کہ اگر ہم نے کسی تیسری زبان کی اجازت دی تو وہ ہماری اپنی زبان کو چبا کر نگل لے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہندی کا نفاذ صرف زبان کے لئے نہیں بلکہ یہ ہمارے ثقافتی خاتمے کا عمل ہے۔انہوں نے اعلان کیاکہ ہم کسی صورت میں سہہ لسانی پالیسی کو قبول نہیں کریں گے ۔ ایم کے سٹالن نے کہا کہ مودی کی زیرقیادت بی جے پی حکومت ہندی کو مسلط کرکے اور سزا کے طور پر فنڈز روک کر جنوبی ریاستوں پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاستوں کو جبری مشقت کے علاقے سمجھتے ہیں۔ اسی وجہ سے وہ زبان مسلط اور مالی ناانصافیاں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا یہ محض فنڈنگ کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ نسل، زبان اور شناخت کا مسئلہ ہے۔ ہم غلام نہیں ہیں جو مالی فائدے کے لیے اپنے نسلی افتخارکو گروی رکھیں۔اگر کوئی رکاوٹ آئی تو ہم ان کو توڑ دیں گے۔