یونیورسٹی آف تربت کے گرین یوتھ موومنٹ کلب کے زیر اہتمام پانی کے عالمی دن کے موقع پر آرٹ مقابلے کا انعقاد

منگل 25 مارچ 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) یونیورسٹی آف تربت کے گرین یوتھ موومنٹ کلب کے زیر اہتمام پانی کے عالمی دن کے موقع پر آرٹ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے کا مقصد موسمیاتی تبدیلی اور آبی وسائل کے درمیان تعلق کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا، طلبہ وطالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور پانی کے پائیدار انتظام پر مکالمے کے کلچرکو فروغ دینا تھا۔

یہ مقابلہ آن لائن منعقد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی آف تربت کے طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، موسمیاتی تبدیلی اور پانی کے تحفظ کے موضوع پرآرٹ کے زریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، فنکار، ماحولیاتی ماہرین اور فیکلٹی ممبران پرمشتمل ایک پینل نے طلبہ وطالبات کی جانب سے جمع کروائی گئی ،تخلیقات کا ماہرانہ اورپیشہ ورانہ جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

جیوری کے تفصیلی جائزے کے مطابق شعبہ پولیٹیکل سائنس کی طالبہ ماہ جبین نور نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ شعبہ انگلش کی طالبہ مرواہ اکبر اور شعبہ بائیوکیمسٹری کی طالبہ شرف عبدالمجید نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے پوزیشن لینے والے طالبات کو مبارکباددیتے ہوئے اس تخلیقی سرگرمی کے انعقاد پر گرین یوتھ موومنٹ کلب کے ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :