یونیورسٹی آف سرگودھا میں تقریب، 16 طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم

بدھ 26 مارچ 2025 16:51

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم فیز III کے تحت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس نے 16 طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ اس سے قبل یونیورسٹی آف سرگودھا کے 1464 طلبہ اس اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ حاصل کر چکے ہیں جبکہ پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ حاصل کرنے والے طلبہ کی مجموعی تعداد1480 ہو گئی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے طلبہ کو محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت اپنانے کی تلقین کی۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ترقی کی راہ میں ان کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔اُنہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیمی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ جدید تکنیکی مہارتیں بھی حاصل کریں تاکہ ملک کی معاشی اور قومی ترقی میں عملی کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر عظمیٰ شہزادی اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ نے اس موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے عزم کیا کہ وہ اپنی محنت اور لگن سے ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ نہ صرف ان کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے ذریعے انہیں جدید دنیا کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے قابل بھی بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :