ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری کی زیر صدارت نیشنل گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس

بدھ 26 مارچ 2025 17:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری کی زیر صدارت نیشنل گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس میں ڈائریکٹرا یڈمن ڈاکٹر محمد کلیم ، ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم، ڈپٹی ڈائریکٹرچاند پروین، یاسمین اختر، چیف سپورٹس کنسلٹنٹ محمد حفیظ بھٹی اورنشترپار ک سپورٹس کمپلیکس کے تمام ایڈمنسٹریٹرز نے اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس میں نیشنل گیمز کیلئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز ،وینیوز اور تربیتی کیمپس کا جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل گیمز کراچی کیلئے پنجاب کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز 9، 10اور 11اپریل کو ہوں گے،جس میں کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا،پنجاب کے بہترین کھلاڑی نیشنل گیمز کراچی میں شرکت کریں گے،پنجاب کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپس 14اپریل سے شروع ہوں گے،پنجاب کے کھلاڑی نیشنل گیمز کراچی میں بہترین کھیل پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز کراچی کی تیاری کیلئے والی بال، کبڈی اور ہینڈبال کے تربیتی کیمپس فیصل آباد جبکہ باقی گیمز کے کیمپس لاہور میں ہوں گے۔ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپس میں بہترین انتظامات کیے جائیں ،واضح رہے کہ نیشنل گیمز 2025یکم سے 9مئی تک کراچی میں شیڈول ہیں۔