متحدہ عرب امارات میں 100 درہم کا نیا کرنسی نوٹ جاری کر دیا گیا

نئے بینک نوٹ کے مخصوص ڈیزائن کو سرخ رنگ کے مختلف شیڈز کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 26 مارچ 2025 21:42

متحدہ عرب امارات میں 100 درہم کا نیا کرنسی نوٹ جاری کر دیا گیا
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ2025ء) متحدہ عرب امارات میں 100 درہم کا نیا کرنسی نوٹ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں عید سے قبل لین دین کیلئے ایک نئی کرنسی نوٹ کا اجراء کیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے 100 درہم کا نیا کرنسی نوٹ جاری کیا ہے، جو عام کرنسی نوٹ سے قدرے مختلف ہے۔

امارات کے مرکزی بینک کی جانب سے مارکیٹ میں جاری کیے جانے والا 100 درہم کا کرنسی نوٹ پولیمر سے بنا ہے اور جدید سیکیورٹی فیچرز پر مبنی ہے۔ نئے کرنسی نوٹ کو خاص انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ 100 درہم کے نئے اماراتی کرنسی نوٹ کے مخصوص ڈیزائن کو سرخ رنگ کے مختلف شیڈز کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ نئے کرنسی نوٹ کے ڈیزائن کے لیے جدید ٹیکنیک کی پرنٹنگ کا استعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

100 درہم کے نئے کرنسی نوٹ کی ڈرائنگ میں متحدہ عرب امارات کے قومی برانڈ کو شامل کیا گیا ہے۔ 100 درہم کے نئے کرنسی نوٹ کے اگلے حصے پر متحدہ عرب امارات کے ثقافتی ورثے ام القوین فورٹ کی تصویر ہے۔ جبکہ نوٹ کی پچھلی طرف فجیرہ بندرگاہ کی تصویر ہے جو کہ متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی بندرگاہوں میں سے ایک ہے۔ نئے نوٹ کے ڈیزائن میں اتحاد ریلوے نیٹ ورک بھی شامل ہے جو خلیجی ممالک تک پھیلا ہوا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ جعل سازی سے نمٹنے کیلئے 100 درہم کے اس نئے کرنسی نوٹ کو جدید ترین سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ تیار کیا گیا ہے جن میں اسپارک فلو ڈائمینشنز اور مختلف رنگوں والی سیکیورٹی چپ کنیگرام کلرز بھی شامل ہے۔ نئے کرنسی نوٹ پر بریل علامات بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ بصارت سے محروم افراد کی آسانی سے نوٹ کی شناخت کر سکیں۔ نئے کرنسی نوٹ کو کرنسی نوٹس کیلئے استعمال کیے جانے والے روایتی کاغذ سے تیار کرنے کے بجائے پولیمر سے تیار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پولیمر بنے بینک نوٹ روایتی کاغذی نوٹوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہوتے ہیں اور زیادہ دیر تک چلتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کی جانب سے 100 درہم کے اس نئے کرنسی نوٹ کو 24 مارچ کو باضابطہ طور پر ریلیز کیا گیا ہے۔