سوات، خصوصی عدالت انسداد دہشتگردی سے چار ملزمان کو سخت سزائیں

جمعرات 27 مارچ 2025 10:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) سوات (تیمرگرہ) میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کی خصوصی عدالت نے چار ملزمان توصیف ایاز، رشید ولی ،شیر محمد او حمزہ علی خان کو کالعدم عسکریت پسند تنظیم سے وابستگی، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور ملکی سلامتی کے خلاف سازش کرنے کے جرم میں سزائیں سنادیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ان ملزمان کو سی ٹی ڈی کے تفتیشی ونگ کی موثر کارروائی کے نتیجے غیر قانونی اسلحہ، ہینڈ گرنیڈ ، آتشگیر مواد، پمفلٹس اور جعلی شناختی دستاویزات رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا، ٹھوس شواہد کی بنیاد پر عدالت نے انہیں قانون کے مطابق سزا دی۔

انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی کی اس بڑی کامیابی پر انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن ونگز کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی انتھک محنت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشتگردی کی ٹیم نے اس کیس کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں نمٹایا جو کہ قانون کی پاسداری اور امن و امان کے قیام کی جانب اہم قدم ہے۔