لاہور ضلعی انتظامیہ کی عیدالفطر کے موقع پر تمام متعلقہ اداروں کو اوورچارجنگ کیخلاف سخت اقدامات کی ہدایت

جمعرات 27 مارچ 2025 14:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور نے عید الفطر کے موقع پر عوام کی سہولت اور شہر میں بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لئےتیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے تمام متعلقہ اداروں کو فول پروف سکیورٹی، صفائی اور اوورچارجنگ کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔

ڈی سی لاہور نے بس ٹرمینلز، پٹرول پمپس، ہوٹلوں، ریسٹ ایریاز اور پارکس میں صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے کی تاکید کی۔ عید گاہوں، مساجد اور مرکزی گزرگاہوں پر بھی صفائی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔اوورچارجنگ اور ٹرانسپورٹ مانیٹرنگ کرتے ہوئے ڈی سی لاہور نے عید کی تعطیلات کے دوران بس اڈوں پر کرایوں کی فہرستیں نمایاں کرنے اور ان پر مکمل عملدرآمد کروانے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ بسوں میں اوورلوڈنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ گاڑیوں میں غیر قانونی ایل پی جی سلنڈرز رکھنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈان ہوگا۔عید کے موقع پر ٹریفک حادثات سے بچاو کے لئے شہر کے خارجی راستوں پر گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس چیک کیے جائیں گے، تاکہ غیر محفوظ گاڑیاں سڑکوں پر نہ آسکیں۔فوڈ سیفٹی اور پرائس کنٹرول اقدامات کے دوران ڈی سی لاہور نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو ہدایت دی کہ وہ شہر بھر میں صفائی اور اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کریں۔

ٹک شاپس، بیکریوں اور ہوٹلوں میں ناقص اور زائدالمیعاد اشیا کی فروخت پر سخت کارروائیاں کی جائیں گی، جبکہ گراں فروشی کے خلاف بھی کریک ڈاون کیا جائے گا۔ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ عید الفطر پر صفائی اور دیگر سہولیات کے بہترین انتظامات کے لئے متحرک ہے۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ لاہور کو صاف ستھرا اور محفوظ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کئےجا رہے ہیں۔