چارسدہ، شبقدر پولیس کی کامیاب کارروائی، موٹر سائیکل چور گینگ بے نقاب، آئس فروش گرفتار

جمعرات 27 مارچ 2025 21:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) چارسدہ کے علاقہ شبقدر میں پولیس نے موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان اور ایک آئس فروش کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے چوری شدہ موٹر سائیکل، موٹر سائیکل پارٹس، 40 ہزار روپے نقد اور مجموعی طور پر 1728 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ ترجمان پولیس کے مطابق شبقدر کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے بعد پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تفتیش کا آغاز کیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ سلیمان ظفر نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی شبقدر ریاض خان کی سربراہی میں ایس ایچ او فضل دیان خان، سی آئی او اور دیگر تفتیشی افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی، جنہوں نے جدید تفتیشی طریقہ کار اپناتے ہوئے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چور گروہ کا سراغ لگایا اور سرغنہ سمیت 4 ملزمان عرفان عرف چتے ولد چمن گل، محمد یاسین ولد نور حسن، امراز ولد حیات اور علی رضا ولد ظفر اقبال ساکنان زوڑ کندے کو گرفتار کرلیا، جن کی نشاندہی پر چوری شدہ موٹر سائیکل،موٹر سائیکل پارٹس، مسروقہ رقم اور 1098 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس کارروائی کے دوران ایک آئس فروش سید ولی شاہ عرف روہیب ولد علی بادشاہ سکنہ زوڑ کندے بھی گرفتار کرلیا گیا، جس کے قبضے سے 630 گرام آئس برآمد کی گئی۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس میں مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :