ْلیلتہ القدر خود احتسابی، توبہ اور اللہ کی رضا حاصل کرنے کا نادر موقع ہے، سردار ایاز صادق

جمعرات 27 مارچ 2025 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ لیلتہ القدر خود احتسابی، توبہ اور اللہ کی رضا حاصل کرنے کا نادر موقع ہے، بابرکت رات کی ان ساعتوں میں ہمیں اپنے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی خصوصی دعائوں کا اہتمام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے لیلتہ القدر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ لیلتہ القدر اللہ کا قرب اور بخشش مانگنے کا سنہرا موقع فراہم کرتی ہے، یہ وہ رات ہے جس میں قرآن پاک نازل ہوا، یہ بابرکت رات ہزار مہینوں سے افضل، رحمتوں اور مغفرت کا بہترین ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے حل کیلئے اسلامی تعلیمات پر عمل ضروری ہے، ہمیں اپنے ملک میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ہم ایک خوشحال پاکستان کی تعمیر کرسکیں،لیلتہ القدر میں شہدا کو اپنی دعائوں میں یاد رکھیں، ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ سپیکر نے اس بابرکت رات میں اپنے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کی آزادی و حق خود ارادیت کے لیے بھی خصوصی دعائوں کی بھی اپیل کی۔