بھارت، بہار اسمبلی میں متنازعہ وقف ترمیمی بل پر اپوزیشن کا احتجاج

جمعہ 28 مارچ 2025 11:42

پٹنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) بھارتی ریاست بہار کی اسمبلی میں متنازعہ وقف ترمیمی بل پر حزب اختلاف کے ارکان کے احتجاج کے بعد ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسمبلی میں اس وقت شدید ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی جب وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن کے ارکان نے کرسیاں اٹھاکر احتجاج شروع کر دیا ۔

سپیکر نند کشور یادو کے اعتراض کے باوجود اپوزیشن کے ارکان نے احتجاج جاری رکھا ۔اجلاس کے دوران پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چوہدری اظہار خیال کر رہے تھے جب اپوزیشن کے چند ایم ایل ایز نے کرسیاں اٹھا کر احتجاج شروع کر دیا جس سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا ۔مارشلوں نے وجے چوہدری کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انہیں گھیرے میں لے لیا۔

(جاری ہے)

سپیکر نند کشور یادو نے احتجاج کرنے والے ارکان کو خبردار کیا کہ اگرانہوں نے احتجاج بند نہ کیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔سپیکر کی بار بار اپیل کے باوجود ایوان میں ہنگامہ آرائی جاری رہی اور ارکان نعرے بازی کرتے رہے ۔بعض ارکان احتجاج کرتے ہوئے سپیکر کی کرسی تک پہنچ گئے۔اسمبلی کے باہر بھی اپوزیشن ارکان نے پوسٹر لہرائے اوروزیر اعلیٰ نتیش کمار اور وزیر اعظم نریندر مودی کی ہندوتوا حکومتوں کے خلاف نعرے بازی کی اور انہیں مسلم مخالف قرار دیا۔

واضح رہے کہ بھارت بھرمیں متنازعہ وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاج جاری ہے اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس بل کو غیر آئینی اقدام قرار دیاہے۔اسمبلی میں ہنگامہ آرائی سے 2025کے انتخابات سے قبل حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی نشاندہی ہوتی ہے ۔