قدیمی مرکزی جامع مسجد نور اولڈ کچہری مظفرآباد میں محفل تکمیل قرآن کا انعقاد کیا گیا

تقریب کے اختتام پر عالم اسلام ،پاکستان ،فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا

جمعہ 28 مارچ 2025 13:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2025ء)قدیمی مرکزی جامع مسجد نور اولڈ کچہری مظفرآباد میں محفل تکمیل قرآن کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر بعد از نماز تراویح ختم خواجگان شریف پڑھا گیا ،محفل حمد ونعت کا اہتمام کیا گیا ،نعت خواں یونس کیانی،حافظ طاہر چشتی اور منیر برکاتی نے گلہائے عقیدت پیش کیے،لیلة القدر کی مناسبت سے پیرطریقت رھبر شریعت شہزادہ سرکار جھاگوی مخدوم اھلسنت صاحبزادہ میاں حمید الدین برکتی ،مولانا محمد طاہر حمید برکتی ،صدر مسجد کمیٹی عابد غنی میر ،حافظ رانا رفاقت برکاتی اور حافظ محمد نعمان برکاتی نے اپنے خصوصی خطاب میںکہا کہ لیلةالقدر جسے عرف عام میں شب قدر کہا جاتا ہے۔

اس رات کو اسلامی عبادات میں بہت اہمیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک اور قرآن مجید کا گہرا تعلق ہے اور یہ عظمتوں والی رات اسی ماہ مقدس کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے کوئی ایک ہے۔ رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کا انسانیت کی فوز و فلاح‘ دنیا و آخرت کی کامیابی اور آخری پیغمبر رسول کریم حضرت محمّد ﷺ کے ذریعے آخری پیغام ہدایت عطا کیا گیا۔

جس شب یہ قرآن مجید لوح محفوظ سے آسمان دنیا پر نازل کیا گیا، اسے لیلةالقدر کہتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ کے قلب اطہر پر یوں تو ساڑھے تیئیس برس میں موقع بہ موقع قرآن کریم نازل ہوتا رہا، یہاں تک کہ تکمیل قرآن ہُوا۔ البتہ لوح محفوظ سے مکمل قرآن ایک رات میں ہی آسمان دنیا پر نازل کیا گیا، جہاں سے جبریل امینؑ بہ حکم ربی اسے صاحبِ قرآن محمد رسول اللہ ؐ تک پہنچاتے رہے۔

اللہ تبارک و تعالیٰ کے نزدیک یہ رات نزول قرآن کی وجہ سے انتہائی مبارک قرار پائی اور خود کتاب مقدس میں اس کی عظمت و فضیلت کا اظہار فرما دیا،شبِ قدر کو مسجدوں کی رونقیں عروج پر ہوتی ہیں۔ بچے، جوان، بوڑھے، سب ذوق و شوق سے عبادت میں مصروف ہو کر اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اللہ نے اس رات کو مسلمانوں سے مخفی رکھا ہے اور فرمایا ہے کہ شبِ قدرکو رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں تلاش کرو۔ اس تجسس میں عبادت کرنے کا بھی اپنا مزہ ہے اور تقریب کے اختتام پر عالم اسلام ،پاکستان ،فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا ۔