زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی،ڈویژنل کمشنر حیدرآباد

جمعہ 28 مارچ 2025 13:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن نے کہا کہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ احکامات اپنے دفتر میں عیدالفطر کے موقع پر حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایے سے زیادہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔

کمشنر حیدرآباد نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سلیم میمن کو ہدایت کی کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کر کے ایف آئی آر درج کی جائیں اور زیاد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز سےمسافروں کو رقم واپس کرائی جائے۔ کمشنر حیدرآباد نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ حیدرآباد اور جامشورو کے ساتھ مل کر عید کے دنوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ سلیم میمن نے بتایا کہ ہم عید سے پہلے اور بعد میں حیدرآباد اور جامشورو کے بس اڈوں پر افسران مقرر کریں گے جو زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر تمام متعلقہ افسران سے رابطے میں ہیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر قادری، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ حیدرآباد سلیم میمن، ٹریفک اور موٹر وے پولیس کے افسران سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :