وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں جمعۃ الوداع کو یوم القدس منایا گیا، فلسطین ، کشمیر اور غزہ میں مظالم کی مذمت کی گئی

جمعہ 28 مارچ 2025 15:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں مقبوضہ بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کی یاد میں جمعۃ الوداع کو یوم القدس منایا گیا ۔نماز جمعہ کے اجتماعات میں علمائے کرام نے اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں جمعۃ الوداع پر سب سے بڑا اجتماع ہوا ۔

جڑواں شہروں کے رہائشیوں نے فیصل مسجد میں نماز جمعہ ادا کی ۔ اس موقع پر ملک کی ترقی ، خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ یوم القدس کی مناسبت سے مقبوضہ بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کی شدید مذمت کے ساتھ ساتھ فلسطین ، کشمیر اور غزہ معصوم اور بے گناہ مسلمانوں پر مظالم کی بھی مذمت کی گئی اور اللہ رب العزت سے دعا کی گئی دنیامیں جہاں جہاں بھی مسلمان مصائب اور مظالم کا شکار ہیں اللہ کریم ان کی دستگیری فرمائے ۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں یوم القدس کی مناسبت سے مختلف مقامات پر مذہبی تنظیموں کی جانب سے القدس ریلیاں نکالی گئیں ۔ یوم القدس کے موقع پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا گیا کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری عملدرآمد کرایا جائے ، شرکا نے مظلوم فلسطینی عوام سے بھرپور یکجہتی کیا اور اپنی حمایت کا یقین دلایا ۔