ماتحت عدلیہ میں تعطیلات ، ضمانتوں سمیت سیکڑوں مقدمات عید کے بعد تک مؤخر

پی ٹی آئی کے 218 گرفتار کارکنوں کی 26 نومبرمقدمات میں ضمانت کی درخواستیں بھی مؤخر

جمعہ 28 مارچ 2025 15:31

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2025ء)ماتحت عدلیہ میں چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاجس کے مطابق (کل) ہفتہ 29 مارچ کو بھی چھٹی دے دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق(کل) ہفتہ کو سیشن سول مجسٹریٹ اور خصوصی عدالتوں میں سیکڑوں ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مقرر تھیں، جو ہفتے کی چھٹی ہونے کی وجہ سے عید کے بعد 3 اپریل تک مؤخر ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چھٹی کے فیصلے سے تحریک انصاف کے 218 گرفتار کارکنوں کی 26 نومبر مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں بھی مؤخر ہوئی ہیں۔ علاوہ ازیں فیملی عدالتوں میں بچوں کے عید خرچہ کی سیکڑوں درخواستیں بھی مؤخر ہوگئیں ، جس سے خواتین و بچوں کے آج ہفتے کو عیدی اور تحائف ملنے کی امید بھی ختم ہو گئیں۔یاد رہے کہ پنجاب بھر کی ماتحت عدلیہ میں 29 مارچ سے 2 اپریل تک چھٹیاں ہوں گی اور تمام ماتحت عدالتیں 3 اپریل کو دوبارہ کھلیں گی۔