خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں دوسروں کی مدد کرنے کا موقع ملتا ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعہ 28 مارچ 2025 17:45

خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں دوسروں کی مدد کرنے کا موقع ملتا ہے، ڈاکٹر ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) سیالکوٹ،سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے اس بابرکت موقع پر خدمتِ خلق کی توفیق عطا فرمائی۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہم سب اس دنیا میں آزمائش کے طور پر آئے ہیں اور وہ لوگ خوش نصیب ہوتے ہیں جنہیں دوسروں کی مدد کرنے کا موقع ملتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضوع مراکیوال میں راشن تقسیم کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا شیڈ ٹرسٹ ہمیشہ سے ضرورت مندوں کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتا ہے۔ آج ہم اسی مشن کے تحت یہاں مراکیوال میں راشن تقسیم کرنے کے لیے موجود ہیں تاکہ ان بھائیوں اور بہنوں کی مدد کی جا سکے جو اس وقت مالی مشکلات سے گزر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی بھوکا نہ رہے، کوئی بھی اپنے بچوں کو خالی ہاتھ نہ دیکھےاور ہر ضرورت مند کو اس کا حق مل سکے۔انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ قرآنِ پاک میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے:"اور جو کچھ تم خرچ کرو گے، اللہ اس کا بدلہ دے گا اور وہ سب سے بہتر رزق دینے والا ہے۔" (سورۃ سبا: 39) انہوں نے کہا کہ یہ آیت ہمیں سکھاتی ہے کہ جو کچھ ہم دوسروں کے لیے خرچ کرتے ہیں، وہ درحقیقت ہمارے لیے ذخیرہ ہو جاتا ہے۔ صدقہ اور خیرات صرف مستحق افراد کی مدد ہی نہیں بلکہ یہ اللہ کے ہاں ہماری نیکیوں میں اضافے کا ذریعہ بھی بنتی ہے۔